برکینا فاسومیں دہشت گردوں کا مسجد پر حملہ، 16افراد ہلاک
برکینا فاسو کے شمالی علاقہ میں مسلح افراد نے ایک مسجد پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 16 نمازی ہلاک اور دو شدید زخمی ہوگئےخبررساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق برکینافاسو کے شہر سالموسی میں واقع جامع مسجد میں رات گئے حملہ کیا گیا جہاں 13 نمازی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے اور دیگر تین افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے.
قریبی قصبہ کے ایک رہائشی کا کہنا تھا کہ ’’اس حملہ کے بعد شہریوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے، فوج کی موجودگی کے باوجود تناؤ کا ماحول پایا جاتا ہے‘مسجد پر حملہ کے بعد ایک ہزار سے زائد افراد نے دارالحکومت اواگاڈوگو کی جانب امن مارچ کیا اور افریقہ میں غیر ملکی فوجی بیسز کی موجودگی اور دہشت گردی کے خلاف احتجاج کیااحتجاج کے منتظمین میں شامل گیبن کوربیوگو نے کہا ’’ہمارے ملک میں غیر ملکی فوجیوں کی مداخلت کے لئے دہشت گردی ایک اچھا بہانہ مل گیا ہے‘‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’’فرانسیسی، امریکی، کینیڈین، جرمن اور دیگر فوجوں نے ہمارے خطے میں قدم جمارکھے ہیں اور کہتے ہیں وہ دہشت گردی کے خلاف لڑنا چاہتے ہیں لیکن اس قدر موجودگی کے باوجود دہشت گرد گروپ مضبوط تر ہوتے جارہے ہیں‘‘۔