جموں و کشمیر: مسجد نور جل کر خاک، تحقیقات شروع
سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں ایک مشہور مسجد جل کر خاکستر ہو گئی۔ یہ حادثہ ’مسجد نور‘ کے ساتھ پیش آیا ہے جسے آگ نے پوری طرح سے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق قصبہ بانڈی پورہ کی ناز کالونی میں واقع اس مسجد نور کی تیسری منزل سے ہفتہ کی علی الصبح قریب چار بجے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً پوری مسجد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
مسجد میں آگ لگنے کی خبر سن کر بڑی تعداد میں مقامی لوگ اور فائر ٹینڈرز جائے واردات پر پہنچے۔ اگرچہ وہ آگ کو بستی میں پھیلنے سے روکنے میں کامیاب ہوئے تاہم مسجد کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچنے سے بچا نہ سکے۔ بتایا جاتا ہے کہ مسجد نور کی جس تیسری منزل پر آگ لگی، وہاں تبلیغی جماعت کا ضلعی مرکز بھی بنا ہوا تھا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔ پولس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔اس آتش زدگی کے واقعہ میں کئی اہم کاغذات کے خاک ہو جانے کی خبریں بھی موصول ہو رہی ہیں۔ دراصل چونکہ مسجد میں تبلیغی جماعت کا دفتر بھی تھا، اس لیے وہاں اہم دستاویزات بھی رکھے جاتے تھے۔