’روس کے 12 ہزار فوجی مارے گئے‘ یوکرین کے آرمی چیف نے دعویٰ
آرمی چیف نے لکھا کہ یوکرین نے روس کے 303 ٹینک، 120 آرٹلری سسٹم، 27 اینٹی ایئر کرافٹ وارفیئر سسٹم، 48 طیارے، 80 ہیلی کاپٹر اور 474 گاڑیاں تباہ کر دی ہیں۔
روس اور یوکرین میں جاری جنگ خوفناک شکل اختیار کرتی جا رہی ہے۔ روس جہاں یوکرین کو حملوں میں شدت لا کر وہاں اقتدار کی تبدیلی چاہتا ہے وہیں یوکرین کی موجودہ قیادت روس کے حملوں کا جواب دے رہی ہے ۔ اس بیچ یوکرین کے آرمی چیف نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے کے بعد سے اب تک روس کے کم از کم 12,000 فوجی اہلکار مارے جا چکے ہیں۔
آرمی چیف نے اپنے آفیشل فیس بک پیج پر کہا کہ یوکرین نے روس کے 303 ٹینک، 120 آرٹلری سسٹم، 27 اینٹی ایئر کرافٹ وارفیئر سسٹم، 48 طیارے، 80 ہیلی کاپٹر اور 474 گاڑیاں تباہ کر دی ہیں ۔
اس کے علاوہ فوج نے دعویٰ کیا کہ روسی فوج کی پیش قدمی سست پڑ گئی ہے اور فوجیوں کے حوصلے پست ہو گئے ہیں۔
جنرل نے کہا’’دشمن کی جارحیت جاری ہے، لیکن اس کے فوجیوں کی پیش قدمی کی رفتار کافی دھیمی پڑ گئی ہے۔ سکیورٹی فورسز نے متعین سرحدود کے ساتھ جنوبی، مشرقی اور شمالی آپریشنل علاقوں میں سکیورٹی آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں ‘‘۔
جنرل نے کہا’’ قابضین کے حوصلے پست ہو گئے ہیں اور فوجی تنازعے سے متعلق بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزی اور لوٹ مار کی جا رہی ہے ‘‘۔