’بنگال کو چاہیے اپنی بیٹی‘، ترنمول کانگریس نے جاری کیا نیا انتخابی نعرہ
ترنمول کانگریس کی اعلی قیادت نے ہفتہ کی سہ پہر کو ترنمول بھون میں نئے نعرہ ’بنگال کو چاہیے اپنی بیٹی‘ کا افتتاح بالکل کارپوریٹ انداز میں کیا۔
کولکاتا: ترنمول کانگریس نے بی جے پی اور اس کے لیڈروں کو باہری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’بنگال کو چاہیے اپنی بیٹی‘‘ کا نعرہ پیش کیا ہے۔ ممتابنرجی کی تصویر کے ساتھ کلکتہ شہر اور دیگر علاقوں میں یہ ہورڈنگ لگائے گئے ہیں۔ ان ہورڈنگ کو ترنمول کانگریس نے اپنے دفتر میں باضابطہ لانچ کیا ہے۔ ترنمول کے سکریٹری جنرل پارتھو چٹرجی نے کہا کہ ریاست کے عوام اپنی ہی بیٹی چاہتے ہیں جو گزشتہ کئی سالوں سے ان کے وزیر اعلی کی حیثیت سے ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہیں۔ وہ نہیں چاہتے کہ بیرونی افراد بنگال میں آکر بنگال میں امن و امان کو نقصان پہنچائیں۔
اس سے قبل ترنمول کانگریس نے ’’بنگال گرو‘‘ (بنگالی فخر) اور ’’دیدی بولو‘‘ کا نعرہ دے چکی ہے۔ اس مرتبہ ترنمول کانگریس نے ’’بنگال کو چاہیے اپنی بیٹی‘‘ کا نعرہ دیا ہے۔ پارٹی کی اعلی قیادت نے ہفتہ کی سہ پہر کو ترنمول بھون میں اس نئے نعرہ کا افتتاح کیا۔ پارٹی قیادت نے کارپوریٹ انداز میں اس نعرے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سبرتو بخشی، کاکولی گھوش دستیدار، ڈریک اوبرائن، سبرتو مکھرجی موجود تھے۔ ترنمول کانگریس نے اس نعرے کے ساتھ پورے شہر میں بینر لگائے ہیں۔
بی جے پی نے بھی بنگال اسمبلی انتخابات کے پیش نظر اپنی پوری تیاری کرلی ہے۔ وزیرا عظم نریندر مودی، امت شاہ، بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا سمیت متعدد بی جے پی لیڈران بنگال کا دورہ کر رہے ہیں۔ ترنمول کانگریس نے بی جے پی اس جارحانہ مہم کا مقابلہ کرنہ کے لئے ہی مقامی اور باہری کا نعرہ دیا ہے کہ ممتا بنرجی بنگال کی بیٹی ہیں۔
ترنمول کانگریس کے سینئر لیڈر و ریاستی وزیر سبرتو مکھرجی نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس وزیر اعلیٰ کا چہرہ نہیں ہے۔ بی جے پی باہری لوگوں کے نام پر انتخاب لڑ رہی ہے۔ بنگال میں کوئی بھی لیڈر نہیں ہے جو وزیر اعلیٰ کا ممتا بنرجی کا مقابلہ کرسکے۔ جب کہ ترنمول کانگریس کے پاس ممتا بنرجی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ بنگال کے عوام ممتا بنرجی کو ہی منتخب کرے گی۔ کیوں کہ ممتا بنرجی بنگال کی بیٹی ہیں جو ہمیشہ عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہتی ہیں۔
پارٹی کے سکریٹری جنرل پارتھو چٹرجی نے کہا کہ ممتا بنرجی کا تعلق بنگال کی سرزمین سے ہے۔ پچھلے ایک دہائی میں، ممتا بنرجی نے بنگال میں تعلیم، صحت اور زراعت میں ترقی لائی ہیں۔ ریاست میں نئی نئی صنعتیں لگ رہی ہیں۔ فوڈ پارٹنر پروجیکٹ سے لوگوں کو مدد ملی ہے۔ ممتا بنرجی نے اس سرزمین کی بیٹی کی حیثیت سے ریاست کی ترقی اور بنگال کے فخر اور اس کے کلچر کی حفاظت کرنے کی بھر پور کوشش کی ہے۔ مجھے امید ہے کہ بنگال کے عوام اپنی بیٹی کو ہی دوبارہ اقتدار تک پہنچائیں گے۔
پارٹی کے آل انڈیا جنرل سکریٹری سبرتو بخشی نے کہا کہ یہ مشکل انتخابات نہیں ہیں۔ ہم نے کئی انتخابات لڑے ہیں اور یہ دیگر انتخابات کی ہی طرح ہے۔ ہم اس نعرے کے ذریعہ بنگال کے عوام تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم ریاست کی ترقی کے اور امن وامان کی فضا قائم رکھنے کی بھر پور کوشش کررہے ہیں۔