حیدرآباد: جی ایچ ایم سی انتخابات کا اعلان، یکم دسمبر کو ووٹنگ اور 4 دسمبر کو نتائج کا ہوگااعلان
گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات کا بگل بج گیا ہے، اس سلسلہ میں ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلامہ جاری کر دیا گیا ہے، ووٹ یکم دسمبر کو ڈالے جائیں گے جبکہ 4 دسمبر کو نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا
حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) انتخابات کا بگل بج گیا ہے۔ اس سلسلہ میں ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلامہ جاری کر دیا گیا ہے۔ تلنگانہ کے الیکشن کمشنر پارتھا سارتھی نے مانصاحب ٹینک میں یہ جی ایم سی کے انتخابات سے متعلق اعلامیہ جاری کیا۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گریٹر حیدرآباد کے 150 وارڈوں کے لئے انتخابات ہوں گے۔ جی ایچ ایم سی انتخابات تحت یکم دسمب کو ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ اس کے بعد 4 دسمبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی اور نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا۔
اعلامیہ کے مطابق 18 نومبر سے نامزدگیوں کے داخل کرنے کا آغاز ہوگا اور 20 نومبر پرچہ نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ ہے۔ 21 نومبرکو کاغذات نامزدگی کی جانچ کی جائے گی اور 22 نومبرکو 3 بجے تک ناموں کو واپس لیا جا سکے گا۔ الیکشن کمشنر پارتھا سارتھی نے کہا کہ یہ انتخابات بیلٹ پیپرز کے ذریعہ ہوں گے۔
اس بار مئیر کا عہدہ خاتون کے لئے محفوظ کیا گیا ہے۔ پارتھا سارتھی نے کہا کہ آج سے ہی انتخابی ضابطہ اخلاف نافذ العمل ہو گیا ہے۔ جی ایچ ایم سی حدود میں 7404286 رائے دہندے ہیں جن میں 3856770 مرد اور 3546847 خواتین ہیں جبکہ 669 دیگر رائے دہندگان ہیں۔ پولنگ کے لئے 9248 مراکز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ مراکز پر رائے دہی کے دوران چہرہ شناسی کے ایپ کا استعمال کیا جائے گا۔