آرایس ایس چینی حکومت اور فوج کے جارحانہ پُرتشدد برتاؤ کی مذمت کرتا ہے: بھاگوت
ناگپور: راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) سربراہ موہن بھاگوت نے لداخ کے گلوان وادی میں چینی فوجیوں کے ساتھ جھڑپ میں 20 ہندوستانی جوانوں کے شہید ہونے پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے چین کے پُر تشدد تیور کی مذمت کی ہے۔ موہن بھاگوت نے بدھ کو ٹوئٹ کیا،’’سنگھ ہندوستانی فوجیوں کو سلام کرتا ہے جو لداخ علاقے کے گلوان وادی میں ملک کی سالمیت اور عزت نفس کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہوگئے۔ ہم جوانوں کے کنبوں کے تئیں اپنی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، جنہوں نے ملک کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان گوائی۔‘ آر ایس ایس سربراہ نے کہا، کہ ’’آر ایس ایس چین کی حکومت اور اس کی فوج کے جارحانہ اور پُرتشدد برتاؤ کی مذمت کرتا ہے۔ ہم سبھی ہندوستانی بحران کے اس گھڑی میں ہندوستانی فوج اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔