اتراکھنڈ: شدید بارش سے اب تک 46 افراد ہلاک، 11 لاپتہ
ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ منگل کو شدید بارش کے سبب ضلع نینی تال میں 28، الموڑہ ضلع میں چھ، چمپاوت اور رودر پور میں دو- دو اور باگیشور میں ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔
دہرادون: اتراکھنڈ میں تقریباً 48 گھنٹے ہوئی موسلا دھار بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آنے سے اب تک کل 46 افراد ہلاک اور 11 دیگر لاپتہ ہیں۔ اس تباہی میں کل 12 افراد زخمی حالت میں اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ تباہی میں کل نو عمارتوں کو جزوی یا مکمل طور پر نقصان پہنچا ہے۔
ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ منگل کو شدید بارش کے سبب ضلع نینی تال میں 28، الموڑہ ضلع میں چھ، چمپاوت اور رودر پور میں دو- دو اور باگیشور میں ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی کل 10 افراد زخمی ہوئے اور 11 ابھی تک لاپتہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 1 ہی دن میں شدید بارش اور تودہ گرنے سے 9 عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل پیر کو ضلع پَوڑی میں 3، چمپاوت میں 2 اور پتھورا گڑھ میں 1 شخص کی موت ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی 2 افراد زخمی ہوئے ہیں اور 1 گھر کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کو شدید بارش کے باعث ضلع چمپاوت میں 1 شخص ہلاک اور 12 دیگر زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق اب تک گزشتہ 48 گھنٹے میں ریاست میں شدید بارش کی وجہ سے تودے گرنے سے کل 46 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، 11 دیگر ابھی بھی لاپتہ ہیں اور 12 افراد زخمی حالت میں زیر علاج ہیں۔ اس دوران کل 9 عمارتوں کو مکمل یا جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔