تازہ خبریں

اگنی پتھ اسکیم کے خلاف بھڑکے نوجوان، کئی ریاستوں میں پُرتشدد مظاہرے اور ٹرینوں میں لگادی گئی آگ

بہار میں پٹنہ کے داناپور اسٹیشن پر ہنگامہ کرنے والے لوگوں کی شناخت کی جا رہی ہے اور اب تک 125 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ پٹنہ کے ضلع مجسٹریٹ نے کہا، ’’یہاں داناپور اسٹیشن پر قریب 1500 غیر سماجی عناصر یہاں جمع ہو گئے اور عوامی املاک کو نقصان پہنچایا۔ 24 مظاہرین کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے مظاہرین کی شناخت کی جا رہی ہے۔‘‘

وہیں، اے ڈی جی لا اینڈ آرڈر بہار، سنجے سنگھ نے کہا، ’’احتجاج میں کچھ غیر سماجی عناصر داخل ہو گئے، جس کے بعد تشدد بھڑکا۔ میری سبھی سے گزارش ہے کہ قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں۔ 24 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں اور اب تک 125 لوگوں کو حڑاست میں لیا گیا ہے۔‘‘

احتجاج کا سلسلہ جاری، گڑگاؤں میں دفعہ 144 نافذ

فوج میں بھرتی کے لئے لائی گئی نئی اسکیم ’اگنی پتھ‘ کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کیا جا رہا ہے۔ ہریانہ کے گڑگاؤں میں احتجاج کے پیش نظر انتظامیہ کی جانب سے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ گڑگاؤں کا کہنا ہے کہ تشدد پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

مرکزی حکومت کی وضاحتوں اور عمر کی حد میں 21 کی بجائے 23 سال کرنے کے باوجود نوجوان فوجی بھرتی اسکیم ’اگنی پتھ‘ کے خلاف شدید احتجاج کر رہے ہیں۔ بہار کے لکھی سرائے جنکشن پر مشتعل مظاہرین نے ایک ٹرین کو نذر آتش کر دیا۔ ادھر سمستی پور میں بھی ایک ٹرین کو نذر آتش کیا گیا ہے۔

لکھی سرائے جنکشن واقعہ کے عینی شاہد ایک پولیس اہلکار نے بتایا ’’وہ مجھے ویڈو بنانے سے روک رہے تھے، یہاں تک کہ میرا موبائل بھی چھین لیا۔ 4-5 ڈبوں کو نقصان پہنچا ہے۔ مسافر اپنے طور پر ٹرین سے اترے اور خود کو بچایا۔‘‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!