خبریںقومی

بابری مسجد انہدام کی برسی کے موقع پر 9 ریلوے اسٹیشنوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی!

میرٹھ سٹی اسٹیشن کے جی آر پی انچارج وجے کانت کا کہنا ہے کہ ڈسپوزل ٹیم کے ساتھ اسٹیشن پر چیکنگ مہم چلائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹل ڈیٹیکٹر کی مدد سے مسافروں کے سامان کو بھی چیک کیا جا رہا ہے۔

میرٹھ: بابری مسجد انہدام کی 29 ویں برسی کے موقع پر 6 دسمبر کو میرٹھ سمیت 9 ریلوے اسٹیشنوں اور کئی مذہبی مقامات کو بم سے اڑانے کی دھمکی بھرے خط سے ہائی الرٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان تمام اسٹیشنوں سے گزرنے والی ہر ٹرین کی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے، جن کے نام خط میں دیئے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی مذہبی مقامات کی سیکورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے اور جی آر پی تھانے میں نامعلوم کے خلاف رپورٹ بھی درج کرائی گئی ہے۔

پولیس نے بدھ کے روز کہا کہ میرٹھ سٹی ریلوے اسٹیشن کے سپرنٹنڈنٹ کو منگل کی شام دیر گئے ڈاک کے ذریعے بھیجے گئے اس خط میں دھمکی دی گئی ہے کہ آئندہ 26 نومبر اور 6 دسمبر کو دہشت گردی کا واقعہ انجام دیا جائے گا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ یہ قدم اپنے جہادی ساتھیوں کی موت کا بدلہ لینے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔

اسٹیشن سپرنٹنڈنٹ آر پی سنگھ نے کہا کہ میرٹھ کے علاوہ غازی آباد، ہاپوڑ، مظفر نگر، علی گڑھ، خورجہ، کانپور، لکھنؤ، شاہجہاں پور اور پریاگ راج کے نام خط میں دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے آنے والی تمام ٹرینوں کی سخت چیکنگ کی جارہی ہے۔ میرٹھ سٹی اسٹیشن جی آر پی انچارج وجے کانت ستیارتھی کا کہنا ہے کہ بم ڈسپوزل ٹیم کے ساتھ اسٹیشن پر چیکنگ مہم چلائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹل ڈیٹیکٹر کی مدد سے مسافروں کے سامان کو بھی چیک کیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!