آواز: عوام سےایڈیٹر کے نام

جہاں بانی سے دُشوار تر ہے کارِ جہاں بینی

 ساجد محمود شیخ میراروڈ

مکرمی ! 

۸ نومبر کا دن ہندوستان کی تاریخ کا یادگار دن بن گیا ہے کیونکہ چار سال قبل اسی تاریخ کو رات آٹھ بجے محترم وزیراعظم جناب نریندر مودی نے اچانک نوٹ بندی کا اعلان کردیا تھا اور ۵۰۰ اور ۱۰۰۰ کے نوٹ جو استعمال میں تھے انھیں کالعدم قرار دے دیا اور ان کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ اس بغیر تیاری کے نوٹ بندی کے اعلان نے عوام کو مصیبت میں ڈال دیا۔ نقدی کی قلّت سے ایک بڑا معاشی بحران کا سامنا کرنا پڑا۔ لوگ کھانے پینے کی اشیاء بھی خریدنے سے  محروم ہوگئے تھے ۔ اس دور کی پریشانیوں کو اگر ضبطِ تحریر میں لایا جائے تو ایک بڑی کتاب مرتب ہوسکتی ہے۔

اس بے تکے اقدام کا یہ جواز پیش کیا گیا کہ حکومت کالے دھن اور نقلی نوٹوں پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے۔ جبکہ کالا دھن غیر ملکی بینکوں میں جمع ہے جسے واپس لانے میں مودی حکومت کو کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ بڑی بڑی جائدادیں اور سونے کی خریداری میں کالا دھن استعمال ہوتا ہے ۔حکومت بہت اچھی طرح جانتی تھی کہ کالا دھن کس کے پاس ہے۔ نوٹ بندی سے نا ہی کالا دھن پر قابو پایا جا سکا اور نہ ہی نقلی نوٹوں کا استعمال ختم ہوا۔ اس کے برعکس شریف لوگوں کی محنت سے کمائی نقدی کو مشکوک قرار دے کر سب کو قطاروں میں کھڑا کردیا گیا۔ نوٹ بندی مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی مگر مودی جی نے اس سے سبق حاصل کرنےکے بجائے جی ایس ٹی نافذ کردیا،جس سے چھوٹے کاروبار تباہی ہوگئے۔

رواں سال اچانک اور بغیر کسی منصوبہ بندی کے لاک ڈاؤن نافذ کردیا ۔ جس سے مہاجر مزدور بُری  طرح متاثر ہوئے۔ مودی سرکار نے اپنے چھ سالہ اقتدار میں جتنے بھی عاجلانہ فیصلے کئے ان سے ملک کے عوام کو تکلیفوں سے گذرنا پڑا اور ملکی صنعت و تجارت اور معیشت پوری طرح ختم ہوگئی۔ حکومت نے ان چھ سالوں میں اپنے اقدامات کے مضمرات کا جائزہ  لینےکی ضرورت ہی محسوس نہیں کی اور نہ ہی ملک کو درپیش حقیقی مسائل کو حل کرنے کی کوئی کوشش کی۔

اُن کے اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کو اس بات کا ادراک نہیں ہے کہ حکومت کیسے کی جاتی ہے۔ مودی جی کو چاہیئے کہ اپنے حکومت کرنے کے طور طریقے تبدیل کریں اور ملک کو درپیش حقیقی مسائل پر توجہ دیں اور عوام کی تکالیف کو دور کرنے کی کوشش کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!